بیروت: لبنانی صحافی سْقینہ منصور کوثرانی جنوبی لبنان میں صیدا کے قریبی گاؤں جون میں تین منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے دو بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ شہید ہوگئیں۔ریڈیو النور کیلئے نامہ نگار کے طور پر کام کرنے والی کوثرانی کی ہلاکت کی اطلاع اسی ریڈیو اسٹیشن نے چہارشنبہ کو دی۔ یہ ریڈیو اسٹیشن حزب اللہ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔فضائی حملے میں منگل کو نشانہ بننے والی اس عمارت میں بے گھر خاندان رہائش پذیر تھے۔لبنانی پریس ایڈیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جوزف قوسیفی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ’’جرم‘‘ قرار دیا اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی فوجداری عدالت، جنرل فیڈریشن آف عرب جرنلسٹس اور یونیسکو سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔