لندن کے مشہور بگ بین ٹاور پر نوجوان فلسطینی پرچم لیکر چڑھ گیا‘فلسطین کی آزادی کیلئے نعرے

,

   

لندن : لندن کے مشہور بگ بین ٹاور پر ایک نوجوان فلسطینی پرچم لیکر چڑھ گیا، فلسطینی پرچم لہراتے نوجوان نے فلسطین کی آزادی کے نعرے بھی لگائے۔برطانوی پارلیمنٹ اور ویسٹ منسٹر پیلس کے نزدیک واقع بگ بین ٹاور کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں کیا گیا ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق بگ بین ٹاور پر فلسطین کا پرچم لیکر چڑھنے والے نوجوان کو نیچے اتارنے کی کوشش کی گئی اور ایمرجنسی عملہ کرین کے ذریعہ نوجوان تک پہنچا اور بات چیت کے بعد اسے نیچے اتارا گیا اور پھر گرفتار کرلیا گیا۔ اس کیلئے تقریباً 16 گھنٹے کا وقت لگا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے مداخلت کی کوشش پر نوجوان نے دھمکی دی کہ وہ ٹاور پر مزید اوپر چڑھ جائیگا۔ ٹاور پر چڑھے نوجوان کے پیروں سے خون بھی رستا دکھائی دے رہا تھا۔دوسری جانب فلسطین میں امن کے حامی فلسطینی پرچم لے کر پارلیمنٹ کے اطراف پہنچ گئے ہیں۔ آج پارلیمنٹ کے تمام ٹور منسوخ کردیے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے قریب ویسٹ منسٹر ٹیوب اسٹیشن کا ایک راستہ بھی بند کیا گیا ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور مغربی ممالک میں فلسطینی کاز کے حق میں آوازیں مزید بلند ہو رہی ہیں۔