مکمل یا عبوری بجٹ پر عنقریب فیصلہ، عوام کیلئے قابل قبول بجٹ رہے گا
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس توقع ہے کہ فروری کے دوسرے ہفتہ میں شروع ہوگا۔ لوک سبھا چناؤ کیلئے فروری میں شیڈول کی اجرائی کے امکانات کے دوران ریونت ریڈی حکومت نے بجٹ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔ الیکشن شیڈول سے قبل تلنگانہ میں بجٹ کی پیشکشی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ یکم فروری سے پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن شروع ہوگا اور مبصرین کے مطابق بجٹ اجلاس کے اختتام کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن لوک سبھا چناؤ کا شیڈول جاری کردے گا۔ مرکزی حکومت مکمل بجٹ کے بجائے عبوری بجٹ پیش کرے گی۔ تلنگانہ حکومت بھی مرکزی حکومت کی طرز پر عبوری بجٹ پیش کرنے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا نے اس مسئلہ پر عہدیداروں سے مشاورت کی ۔ تاہم قطعی فیصلہ چیف منسٹر کی سطح پر کیا جائے گا۔ بجٹ سیشن کم از کم دو ہفتہ تک جاری رہ سکتا ہے اور اگر عبوری بجٹ پیش کیا گیا تو اجلاس صرف پانچ دن جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ لوک سبھا چناؤ کے پیش نظر عوام کے لئے قابل قبول بجٹ پیش کریں۔ ریاست میں بھاری قرض کے بوجھ کے باوجود بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کی شکل میں کوئی اضافی بوجھ عائد نہیں کیا جائے گا۔ کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں بجٹ میں فنڈس مختص کرتے ہوئے لوک سبھا چناؤ میں عوامی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 1