لوک سبھا چناؤ کے آزادانہ انعقاد میں عہدیداروں کا اہم رول

   

وکاس راج کا ٹریننگ اجلاس سے خطاب، ووٹنگ مشینوں کی منتقلی و تحفظ پر خصوصی توجہ کی ہدایت
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ماسٹر ٹرینرس کو ہدایت دی ہے کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر آئندہ دو ہفتہ میں عہدیداروں کی مکمل ٹریننگ کا مرحلہ پورا کرلیا جائے تاکہ عہدیداروں کو انتخابات کے موثر انعقاد میں مدد ملے۔ وکاس راج نے عہدیداروں کیلئے منعقدہ ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ اسمبلی انتخابات کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لوک سبھا چناؤ کیلئے اپنی تمام تر بہتر صلاحیتوںکو بروئے کار لائیں تاکہ کسی بھی خامی کے بغیر آزادانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔ وکاس راج نے ڈیٹا انٹری ، ای وی ایم مشینوں کی منتقلی اور رائے دہی کے بعد وی وی پیاٹس کی اسٹرانگ روم منتقلی جیسے معاملات میں خصوصی توجہ کا مشورہ دیا اور کہا کہ مشینوں اور وی وی پیاٹ کے تحفظ کو یقینی بنانا اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ویب کاسٹنگ اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کی تربیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ میں بنیادی سطح پر ملازمین کو خصوصی تربیت دی جائے تاکہ فرائض کی انجام دہی میں مدد ملے۔ وکاس راج نے کہا کہ تمام ضروری ہدایات اور رہنمایانہ خطوط تحریری طور پر پیش کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کو الیکشن کی تکمیل تک انہیں اپنے ساتھ رکھتے ہوئے عمل کرنا چاہئے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے عہدیداروں سے کہا کہ مقررہ وقت میں ذمہ داریوں کی تکمیل کریں تاکہ انتخابات کے موثر انعقاد میں مدد ملے۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر اور جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیا۔ ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر عبدالحمید اور ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر ہری سنگھ نے ٹرینرس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سطح پر آزادانہ و منصفانہ انتخابات میں ٹریننگ کا اہم رول رہے گا ۔ کرشنا کمار نے پولنگ پارٹی اور رائے دہی کے دن پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات سے واقف کرایا۔ سائی رام آر ڈی او نے انتخابی ضابطہ اخلاق ، پیڈ نیوز اور دیگر امور کے بارے میں ٹریننگ دی۔ عہدیداروں کو رائے دہی سے لے کر نتائج کی اجرائی تک کے تمام مراحل کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ 1