مادھوری ڈکشٹ اب چیلنجنگ کردار کرنے کی خواہاں

   

ممبئی،3 جون (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اپنے شاندار فلمی کیریئر کے دوران لاتعداد یادگار کردار ادا کیے ہیں، لیکن اب وہ ایسی کہانیوں اور کرداروں کی جانب زیادہ راغب ہیں جو انہیں بطور فنکار نئی جہتیں دریافت کرنے کا موقع فراہم کریں۔ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے فلمی دنیا میں اپنی منفرد شناخت برقرار رکھنے والی مادھوری آج بھی خود کو نئے تجربات کے لیے تیار رکھتی ہیں۔اپنی نئی فلم ’’ماں بہن‘‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ اب وہ روایتی اور یک رخی کرداروں کے بجائے ایسی شخصیات ادا کرنا چاہتی ہیں جن میں انسانی جذبات کے مختلف رنگ موجود ہوں۔ ان کے مطابق ایک فنکار کے لیے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ وہ ہر نئے کردار کے ساتھ کچھ نیا سیکھے اور خود کو پہلے سے بہتر بنائے۔مادھوری کے بموجب ان کے کیریئر میں کئی اہم مراحل آئے، تاہم فلم ’’تیزاب‘‘ ان کی زندگی کا سب سے بڑا موڑ ثابت ہوئی۔ اس فلم نے نہ صرف انہیں بے پناہ شہرت دلائی بلکہ ہندوستانی سینما میں ایک مضبوط مقام بھی عطا کیا۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی ایک اداکار کو مسلسل محنت اور خود کو بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بات کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ فلموں اور ویب سیریز کے درمیان بنیادی فرق صرف پیشکش کے انداز اور دورانیے کا ہے۔ ویب سیریز میں کرداروں کو زیادہ تفصیل کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، جبکہ فلم میں محدود وقت کے اندر پوری کہانی سمیٹنا پڑتی ہے۔ تاہم ان کے نزدیک اداکاری کا فن دونوں مقامات میں یکساں اہمیت رکھتا ہے۔فلم ’’ماں بہن‘‘ کے بارے میں مادھوری نے بتایا کہ یہ ایک منفرد اور دلچسپ کہانی ہے جس میں ایک ایسے خاندان کو دکھایا گیا ہے جو اپنی خامیوں، الجھنوں اور جذباتی پیچیدگیوں کے باوجود ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ فلم میں وہ ایک مضبوط ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو روایتی کرداروں سے مختلف ہے اور اپنی الگ شناخت رکھتی ہے۔ یہی خصوصیت انہیں اس کردار کی طرف کھینچ لائی۔شوٹنگ کے تجربات کو یاد کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ فلم کی پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنا انتہائی خوشگوار رہا۔