متحدہ محبوب نگر ضلع کے زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ

   

وزراء اور ارکان اسمبلی کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اجلاس، اراضی کے حصول میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے وزراء اور ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں محبوب نگر کے زیرالتواء آبپاشی پراجکٹس خاص طور پر پالمور رنگاریڈی ایریگیشن اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کے لئے اراضی کے حصول کا کام جنگی خطوط پر مکمل کیا جائے۔ ضلع کے دیگر ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل کے لئے اراضی کے حصول کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے وزراء اور عوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے لئے اراضی حوالہ کرنے کی عوام کو ترغیب دیں۔ چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ حکومت اراضی کے حصول کی صورت میں معاوضہ کی ادائیگی میں کوئی تاخیر نہیں کرے گی اور متاثرین کو فوری معاوضہ کی رقم ادا کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ زیرالتواء پراجکٹس کے بلز جو گزشتہ کئی برسوں سے جاری نہیں کئے گئے حکومت اُن کی اجرائی کا جائزہ لے گی۔ اُنھوں نے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ پراجکٹس کے بارے میں وقتاً فوقتاً جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عمل آوری کی رفتار کو تیز کریں۔ عوامی نمائندوں نے شکایت کی کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں متحدہ محبوب نگر ضلع کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ محبوب نگر کے عوام نے بڑی اُمیدوں کے ساتھ کے سی آر کو لوک سبھا کے لئے منتخب کیا تھا لیکن 10 سالہ اقتدار میں آبپاشی پراجکٹس اور دیگر ترقیاتی کاموں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ ضلع کے تمام زیرالتواء پراجکٹس اور اُن کیلئے درکار فنڈس کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔V/1/k/b