محبوب نگر کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کی کوشش

   

تعلیمی انقلاب کی طرف پیشرفت، گورنمنٹ وہپ وائی سرینواس ریڈی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔ 30 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہم نے محبوب نگر کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کے لئے جن اقدامات کا آغاز کیا تھا آج ہم محسوس کررہے ہیں کہ ہمارا نشانہ پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ یہ وضاحت گورنمنٹ وہپ و مقامی ایم ایل اے ینیم سرینواس ریڈی نے کی۔ وہ آج اپنے کیمپ آفس میں ایک پریس کانفرنس میں مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چھوٹی موٹی اور سستی سیاست کے لئے نہیں آئے بلکہ محبوب نگر کو ایک زبردست اور روشن مستقبل دینا ان کا سب سے بڑا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اعداد و شمار بالخصوص تعلیمی ترقی کے تعلق سے وہ پیش کررہے ہیں۔ یہ ان کی کامیاب کوششوں کا ثبوت ہیں۔ محبوب نگر میں قائم ہوئے ٹریپل آئی ٹی میں 65 فیصد مقامی طلباء نے داخلہ لیا ہے۔ ہم نے گزشتہ برس دیکھا کہ مقامی طلباء نے کافی کم تعدادمیں ٹریپل آئی ٹی نشستیں حاصل کی ہیں تو ہم نے بنیادی سطح پر کام کرتے ہوئے سرکاری مدارس پر خصوصی توجہ دی۔ کام سہولتوں کے ساتھ کیو آر کوڈ کے ساتھ ڈیجیٹل اسٹیڈی مٹیریل مفت فراہم کیا گیا۔ حلقہ کے تمام سرکاری ہائی اسکولس میں اپنے فنڈ سے تعلیمی رضا کاروں کا تقرر کیا۔ 170 طلباء کو داخلہ ٹسٹ کے ذریعہ منتخب کیا گیا۔ ٹریپل آئی ٹی کے نشانہ کے ساتھ 45 دنوں کی خصوصی تربیت دی گئی۔ گزشتہ سال 19720 درخواستیں ٹریپل آئی ٹی کے لئے وصول ہوئیں جبکہ اس سال یہ تعداد 33000 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ سال شروع ہونے والے 3 انجینئرنگ کالجس کا پہلا سال 500 طلباء کے ساتھ پورا ہو چکا ہے۔ نوجوان ڈگری کالجس میں بہتر نتائج حاصل کررہے ہیں اور کیمپس سلکشن میں ملازمت بھی حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک زبردست تعلیمی انقلاب ہے جو محبوب نگر کے خوشحال مستقبل کا اشارہ دیتا ہے۔ پریس کانفرنس میں ممتا سرینواس، موڈا چیرمین لکشمن یادو، ممتاز قانون داں این پی وینکٹیش، ہرش وردھن ریڈی، ترجمان نرسمہا ریڈی لائبریریز چیرمین، سی جے بنہر، وی مہیندر و دیگر قائدین موجود تھے۔