بھوپال : مدھیہ پردیش حکومت نے اب خواتین کو سرکاری ملازمتوں میں 35 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ راجدھانی بھوپال میں منگل کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے ریزرویشن کو بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے مدھیہ پردیش کے ڈپٹی سی ایم راجندر شکلا نے کہا کہ اب ایم پی میں سرکاری نوکری میں جو بھی بھرتی ہوگی اس میں خواتین کو 35 فیصد ریزرویشن ہوگا۔پہلے ریاست میں سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے 30 فیصد ریزرویشن تھا جسے بعد میں بڑھا کر 33 فیصد کردیا گیا اور اب اسے بڑھا کر 35 فیصد کردیا گیا ہے۔ اسے خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک بہت اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ڈپٹی سی ایم راجندر شکلا نے کہا کہ ریاست میں نئے میڈیکل کالج کھل رہے ہیں، ان میں بھرتی کے لئے اسسٹنٹ پروفیسر کی عمر کی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے میڈیکل کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کی بھرتی کے لئے عمر کی حد فی الحال 40 سال ہے۔ اسے بڑھا کر 50 سال کر دیا گیا ہے، اس سے تقرری آسان ہو جائے گی۔