مردہ سمجھ لیا گیا زندہ شخص ‘ آخری رسومات سے عین قبل گھر واپس

   

سیل فون کی چوری سے عجیب و غریب واقعہ ۔ خاندان پر پہلے صدمہ کا غلبہ پھر خوشی کا ماحول
حیدرآباد : 24 جون ( سیاست نیوز) ضلع وقارآباد میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ۔ ایک خاندان اپنے فرد خاندان کی آخری رسومات کی تیاری کررہا تھا، اچانک خوشیاں منانے لگا چونکہ جسے مردہ سمجھ لیا گیا تھا وہ شخص عین وقت گھر کے قریب نمودار ہوا ۔ فلمی انداز کے اس واقعہ کے بعد بشیر آباد علاقہ میں خوشیاں منائی گئیں اور سارا گاؤں حیرت میں ڈوب گیا ۔ بتایا جاتاہے کہ سیل فون سارق اس سارے واقعہ کی اصل وجہ بن گیا اور 40سالہ ایلاپا کے افراد خاندان نے مسرت کا اظہار کیا ۔ وقارآباد ریلوے پولیس کو کل ایک سرکٹی نعش برآمد ہوئی ۔ تانڈور ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کا سردھڑ سے الگ ہوگیا اور نعش کی شناخت مشکل ہوگئی ۔ ریلوے پولیس کو نعش کے قریب سے سیل فون برآمد ہوا اور اس فون میں موجود نمبرات سے ایلاپا کے افراد خاندان کو اطلاع دی گئی ۔ افراد خاندان نے بھی نعش کی شناخت کرلی اور نعش کو گھر لے گئے ۔ آخری رسومات کی تیاری کرلی گئی تھی ، گھر کے قریب ماتم کا ماحول تھا اور نعش کو اٹھایا جارہا تھا کہ اچانک مکان کے سامنے ایک آٹو رُکا اور اس آٹو سے ایلاپاباہر آیا ۔ یہ دیکھنا تھا کہ سارا گاؤں ، افراد خاندان اور رشتہ دار حیرت کا شکار ہوگئے اور جب ایلاپا نے سارا واقعہ بیان کیا تو نعش کو دوبارہ ریلوے پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ ایلاپا تین دن سے لاپتہ تھا ۔ دراصل ایلاپا تانڈور چلاگیا تھا اور مزدوری کے بعد رات ریلوے اسٹیشن میں گزار رہا تھا ۔ گزشتہ روز ایلاپا حالت نیند میں تھا کہ اس کا سیل فون کسی نے سرقہ کرلیا اور سرقہ کرنے والا شخص ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کرررہی ہے ۔ ع