مرکزی حکومت سے آن لائن میڈیکل فروخت پر فوری روک لگانے کا مطالبہ

   

ملک گیر سطح پر میڈیکل شاپس بند کے ذریعہ احتجاج، مطالبات کی عدم تکمیل پر مزید احتجاج کرنے کا انتباہ

حیدرآباد۔20 ۔مئی ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام میڈیکل شاپس نے اپنے کاروبار کو بند رکھتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا اور آن لائن ادویات کی فروخت کو باقاعدہ بنانے اور ان پلیٹ فارمس پر رعایتی قیمتوں پر فروخت کی جانے والی ادویات کے متعلق اپنے مطالبات کی یکسوئی کو یقینی بنانے کی حکومت سے اپیل کی ۔ ملک بھر میں کیمسٹس اور ڈرگسٹس کی تنظیموں کی جانب سے کئے گئے اعلان میں کہاگیا تھا کہ اگر 20مئی کو ہونے والے احتجاج کے بعد بھی مرکزی حکومت کی جانب سے آن لائن ادویات کی فروخت کو روکنے کے لئے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں مستقبل میں غیر معینہ مدت کے بند پر غور کیا جائے گا۔دونوں شہروں میں میڈیکل شاپس کے بند ہونے کے سبب شہریوں کو کچھ حد تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن دواخانوں میں موجود فارمیسی اور کیمسٹس کی دکانیں عوام کی سہولت کے لئے کھلی رکھی گئی تھیں ۔میڈیکل شاپس کے بند کے دوران بعض مقامات پر عوام کو ادویات کے لئے دوڑ دھوپ کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن سرکاری و خانگی دواخانوں پر اس بند کا اثر نہ ہونے کے سبب عوام کو کافی راحت حاصل ہوئی جبکہ مجموعی طور پر دونوں شہروں کے علاوہ ریاست بھر میں میڈیکل شاپس کا بند پرامن اور کامیاب رہا۔3