ممبئی: ریاست کے اقلیتی امور کے وزیر واین سی پی لیڈر نواب ملک کے خلاف ای ڈی کی کارروائی سیاسی تعصب کی بناء پر ہے ۔ نواب ملک مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف مسلسل آواز اٹھارہے تھے ۔ مرکزی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے کی پاداش میں ای ڈی کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ہم تمام لوگ نواب ملک کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہی ہیں۔ای ڈی کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ نواب ملک کے خلاف کی گئی کارروائی کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کیونکہ مرکزی تفتیشی ایجنسی کے ذریعے مرکزی حکومت کے خلاف بولنے والے کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔ ماضی میں اپوزیشن کے کئی رہنماؤں کے خلاف ایسی ہی کارروائی کی جا چکی ہے ۔ یہ بی جے پی کا نیا کاروبار ہے ۔ اختلاف رائے کو دبانے کے لیے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی مرکز میں برسراقتدار ہے اور ہم اس طرح کے اقدامات کے خلاف اجتماعی طور پر لڑیں گے ۔ یہ سب مہاراشٹر کو بدنام کرنے اور اقتدار حاصل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے اور عوام یہ سب دیکھ رہی ہے ۔حکومت کیخلاف بولنا مرکزی حکومت کو پسند نہیں آیا۔