مرکزی حکومت کے خلاف سی پی آئی کا پرانے شہر میں احتجاج

   

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکز کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سی پی ایم نے آج ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کیا تھا۔ پارٹی کی زونل کمیٹی چارمینار کے زیر اہتمام احتجاج منظم کیا گیا جس میں مہنگائی پر قابو پانے میں مرکز کی ناکامی پر تنقید کی گئی۔ ڈسٹرکٹ کمیٹی کے رکن عبدالستار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر غیر معمولی بوجھ عائد کیا ہے۔ 2014 میں پکوان گیس سلینڈر کی قیمت جو 400 روپئے تھی آٹھ برسوں میں بڑھ کر تقریباً 1200 روپئے ہوچکی ہے۔ مہنگائی کے نتیجہ میں غریب خاندانوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ مزدور طبقہ اور محنت کش خواتین حکومت کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔ پارٹی قائدین نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ پکوان گیس اور پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔