حیدرآباد ۔ 13 مارچ ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن سنتوش نگر کا مراسلہ وصول ہوا جس میں 35 سالہ مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کی ہدایت پر نعش حاصل کر کے سکندرآباد قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مفتی شکیل احمد رحمانی امام و خطیب مسجد اقبال الدولہ و ناظم مدرسہ ارشاد نے پڑھائی ۔ تفصیلات کے بموجب مرحوم اپنی مصروفیات کی وجہ گھر نہیں پہنچے جس پر ان کے ورثاء سنتوش نگر پی ایس میں گمشدگی کی اطلاع دینے کیلئے پہنچنے پر یہ افسوسناکخبر ملی کہ لاری ایکسیڈنٹ میں ان کا انتقال ہوگیا اور ورثاء کے نہ ملنے پر نعش ادارہ سیاست کے حوالے کردی گئی اور لاری ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے ۔مرحوم کی شناخت محمد محمود خان عمر 35سال خانگی ملازم کی حیثیت سے ہوئی ۔ محمد محسن خان ، محمد معین خان ، محمد منصور خان ، محمد ساجد ، عبدالمنان نے قبرستان پہنچ کر دعائے مغفرت کی اور متولی قبرستان کیلئے دعا کی کہ اللہ پاک دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا اجر عطا فرمائے ۔ مسجد عبداللہ میں بعد نماز عصر مولانا احمد عبداللہ زکریا نے بھی دعائے مغفرت کی ۔ بشری تبسم ، صوفیہ خان ، محسن خان ، سید عبدالمنان نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کیلئے دعا کی اور کہا کہ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا نعم البدل عطا فرمائے ( آمین)۔ محمد عبدالجلیل نے ورثاء کیلئے دعا کی ۔