انقرہ : ترکیہ کا دارالحکومت انقرہ 12 سال کے بعد مصر سے صدارتی دورہ کی میزبانی کر رہا ہے۔صدر رجب طیب اردغان کی دعوت پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی آج پہلی دفعہ سرکاری دورے پر ترکیہ تشریف لا رہے ہیں۔صدر اردغان بیش تیپے میں سرکاری تقریب کے ساتھ مہمان صدر کا خیر مقدم کریں گے۔دونوں صدر ترکیہ۔مصر اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کی سربراہی کریں گے۔مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 10 بلین سے 15 بلین ڈالر کرنے کے ہدف تک رسائی کے مراحل کا جائزہ لیا جائے گا۔ مذاکرات میں توانائی ، صحت، سیاحت اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں طویل المدت ساجھے داری امکانات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری نسل کشی اور علاقے کیلئے انسانی امداد کے موضوعات بھی دورہ کے مذاکراتی ایجنڈہ پر ہوں گے۔اردغان اور سیسی غزہ میں فی الفور فائر بندی ، علاقائی مسائل کے پائیدار حل ، امن اور استحکام کے لئے ممکنہ مشترکہ اقدامات کا جائزہ لیں گے۔