مصنوعی ذہانت کے استعمال پر کل دفتر سیاست میں ورکشاپ

   

ماہر اے آئی جناب منیر محمد تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔ محدود نشستیں۔ رجسٹریشن کروانا لازمی

حیدرآباد۔8۔مئی ۔ (سیاست نیوز) مصنوعی ذہانت (A.I) کے ذمہ دارانہ استعمال کے سلسلہ میں ماہر مصنوعی ذہانت جناب منیر محمد سینیئرپروڈکشن منیجر IEEE انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الکٹرانکس انجنیئرس کا خصوصی ورکشاپ 10 مئی بروز اتوار 11بجے دن تا 1 بجے دن دوپہر دفتر روزنامہ سیاست میں منعقد ہوگا۔ اس ورکشاپ میں شعبہ تعلیم بالخصوص اسکول‘ کالجس اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں AIکے ذمہ دارانہ استعمال اور اسکے اثرات سے متعلق جناب منیر محمد واقف کروائیں گے۔ جناب منیر محمد کے اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد ہندستانی اقلیتی تعلیمی اداروں کو مسابقتی دوڑ میں شامل کرکے انہیں آرٹیفیشل انٹلیجنس کے استعمال کا اہل بنانے کے ساتھ نئی نسل کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے انہیں مستقبل میں موجود مواقع سے واقف کروانا ہے۔ جناب منیر محمد ٹیکنالوجی ‘ پالیسی سازی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کے امور میں عالمی سطح پر اشتراک اور سرکردہ کمپنیوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مختلف بین الاقوامی کمپنیوں و پلیٹ فارمس پر صنعتی و تکنیکی ماہرین کے درمیان رابطہ کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ جناب منیر محمد کی آرٹیفیشیل انٹلیجنس پر گفتگو نہ صرف تکنیکی مستقبل ‘ AI کے مختلف میدانوں پر اثرات‘ تعلیم کے شعبہ پر اس کے اثرات سے فوائد ہے اور اس کے عملی نفاذ کویقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ اتوار کو دن میں 2گھنٹے کے اس ورکشاپ میں تعلیمی اداروں کے ذمہ داران‘ کمیونیٹی بلڈرس‘ ماہرین سائبر سیکیوریٹی و انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ وہ افراد بھی شرکت کرسکتے ہیں جو A.Iاور سائبر سیکیوریٹی میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔اس ورکشاپ کے دوران اے آئی ٹولز کے استعمال پر ہی نہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے بنیادی تصور ‘ نصاب میں شمولیت ‘ عملی منصوبہ بندی کے ذریعہ طلبہ میں تخلیقی وتکنیکی صلاحیتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ اس ورکشاپ میں شرکت کے خواہشمندوں کو دیئے گئے اسکیانر پر رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگا کیونکہ اس انتہائی اہم ورکشاپ کیلئے محدود نشستیں رکھی گئی ہیں ۔ جناب منیر محمد شرکاء کے سوال کے جواب بھی دیں گے۔3