واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کرین جین پیئرے نے بدھ کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ایرانی عوام کی حمایت کرتی ہے،اوربقول ان کے، اس بات کا امکان ہے کہ ایرانی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ایران کو روس کا تعاون حاصل ہو۔ جین پیئرے نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم ایران کے بہادرشہریوں اور ان بہادرخواتین کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس وقت اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کوتشویش ہے کہ ماسکو مظاہروں سے نمٹنے کے طریقوں کے بارے میں تہران کو مشورہ دے رہا ہے کہ ترجمان کا اشارہ عوامی مظاہروں کو کچلنے کے وسیع روسی تجربے کی طرف تھا۔ پیئرے نے مزید کہا کہ اس بات کا ثبوت ہم سب کیعلم میں ہے اور واضح ہے کہ ایران یوکرین کی جنگ میں روس کی مدد کررہا ہے۔ یوکرین اورامریکہ سمیت اس کے مغربی شراکت داروں نے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں روسی افواج نے یوکرین پر حملہ کرنے کے لیے جن ڈرونز کا استعمال کیا تھا، وہ ایران نے فراہم کیے تھے۔