ان کی دختر کی شادی میرے پیسوں سے ہوئی ہے ، مندر میں قسم کھانے وزیر لیبر کا چیلنج
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو بلیک میلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دختر کی شادی میرے پیسوں سے ہوئی ہے ۔ آج ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملاریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کی جانب سے منعقد کیا جانے والا پروگرام رچہ بنڈہ نہیں بلکہ لُچہ بنڈا پروگرام ہے ۔ کسانوں کو دھوکہ دینے والی کانگریس کی جانب سے کسانوں کے حق میں مہم چلانا مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بٹے باز قرار دیا اور کہا کہ وہ جس پارٹی میں ہوتے ہیں ۔ اس پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہوتا ۔ جس کی زندہ مثال تلگو دیشم ہے وہ کسی بھی پارٹی میں مستقل نہیں رہتے آج کل میں اگر بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو اس میں حیرت کرنے والی کوئی بات نہیں ہے ۔ ملا ریڈی نے کہا کہ وہ جب تلگو دیشم پارٹی میں تھے ریونت ریڈی انہیں 24 گھنٹے بلیک میل کیا کرتے تھے ۔ وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد بھی انہیں بلیک میل کرتے رہے ۔ پیسے نہ دینے پر کالجس بند کرادینے کی دھمکی دی ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی سب کو بلیک میل کرنے کے عادی ہوگئے ہیں کل کو وہ راہول گاندھی کو بھی بلیک میل کرسکتے ہیں ۔ وزیر لیبر نے کہا کہ وہ دودھ فروخت کر کے اتنی جائیدادیں اور اثاثہ کے مالک بن چکے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کونسا بزنس کیا اتنی جائیدادیں کہاں سے آئی وہ اس کی وضاحت کریں ۔ ملا ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کی دختر کی شادی کیلئے وہ ہی پیسے دے چکے ہیں میں جو کہہ رہا ہوں سچ ہے یا جھوٹ ریونت ریڈی یادگیر گٹہ کی مندر میں اس کی وضاحت کریں ۔ اگر ان کا دعویٰ غلط ہے تو مندر میں قسم کھانے کا چیلنج کیا ۔۔ ن