ترقی میں ہندوستان کا کوئی ثانی نہیں، کورونا وباء میں ملک کی صلاحیت کا دنیا کو علم ہوا، انڈین اسکول آف بزنس کے کانووکیشن سے خطاب
حیدرآباد۔26۔ مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے انڈین اسکول آف بزنس کو ہندوستان کا ایک مایہ ناز ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے قیام کے 20 برسوں میں ادارہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ انڈین اسکول آف بزنس کے قیام کی 20 سال کی تکمیل کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانووکیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر حیدرآباد اور موہالی کیمپس کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انڈین اسکول آف بزنس سے ابھی تک 50 ہزار طلبہ نے تعلیم کی تکمیل اور ملک میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ملک کی کئی نامور کمپنیوں میں یہاں کے فارغین اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اسکول آف بزنس کے فارغین نے کئی نئے اسٹارٹ اپ قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اسکول آف بزنس آئندہ بھی ہندوستان کیلئے قابل اور ماہر سپوت تیارکرے گا۔ وزیراعظم نے کانووکیشن میں فارغین کو اکسلینس لیڈرشپ ایوارڈس عطا کئے۔ اسکول کے تین اسکالرس ابھیجیت بھردواج ، وکرم سنگھ ، پردیپ اور دیگر اسکالرس کو وزیراعظم نے گولڈ میڈل عطا کیا۔ راجیو چاپرا کو حیدرآباد کیمپس چیرپرسن کا ایوارڈ عطا کیا گیا ۔ کانوکیشن میں ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ، مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ریاستی وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے شرکت کی۔ ملک کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران ہندوستان کی صلاحیتوں اور قابلیت کا دنیا بھر نے اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ G-20 ممالک میں ہندوستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسمارٹ فون ڈیٹا کے استعمال کرنے والوں کی فہرست میں ہندوستان سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ اور کنزیومر مارکٹ میں ہندوستان کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ کورونا وباء کے نتیجہ میں دنیا کو ہندوستان کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے ہندوستان نے ویکسین کی تیاری کے ذریعہ دنیا بھر کی مدد کی ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں ہندوستان میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ صنعتی ترقی میں ہندوستان دیگر ممالک سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت کی مساعی سے یہ ممکن نہیں ہوا بلکہ انڈین اسکول آف بزنس کے طلبہ اور ملک کے نوجوانوں کا بھی اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی اشیاء کی عالمی مارکٹ میں زبردست مانگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے مسائل کے حل کیلئے دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے انفرادی ایجنڈہ پر ملک کی ترقی کو ترجیح دینی چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے اصلاحات پر عمل آوری ضروری ہے۔ سیاسی صورتحال کے باعث اصلاحات پر عمل کرنا دشوار کن ہوچکا ہے ۔ گزشتہ تین دہوں کے دوران غیر مستحکم صورتحال کے نتیجہ میں ملک میں اصلاحات پر عمل آوری میں دشواری ہورہی ہے۔ 2014 ء کے بعد ملک میں معاشی اصلاحات اور دیگر شعبوں میں ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ر