المعہد العالی الاسلامی کے جلسہ تقسیم اسناد اور ختم بخاری شریف کی تقریب ، علماء و دانشوران کا اظہار خیال
حیدرآباد۔/26 فروری، ( پریس نوٹ ) ملک کے باوقار دینی و تعلیمی ادارہ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد میں آج بیسواں جلسہ تقسیم اسناد دو نشستوں میں منعقد ہوا۔ نشست میں معہد سے ملحقہ مدرسہ عبداللہ بن مسعود کے دورہ حدیث کے طلبہ کو حدیث مسلسل کی اجازت دی گئی۔ معہد کے سابق طلبہ جنہوں نے عصری تعلیم کے حوالہ سے نمایاں پیش رفت کی ہے اور شہر کے کچھ معززین کی عزت افزائی کی گئی۔ خیرمقدمی کلمات مولانا محمد اعظم ندوی نے کہے اور نظامت مولانا عمر عابدین قاسمی مدنی کی تھی۔ دوسری نشست بعد مغرب منعقد ہوئی جس میں معہد کے سو سے زائد طلبہ میں مختلف اسلامی علوم و فنون میں تکمیل و تخصص کی اسناد تقسیم کی گئیں۔ صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی۔ مہمان خصوصی مولانا صلاح الدین سیفی نقشبندی تھے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے حدیث کی اہمیت، قرآن سے اس کا تعلق اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالہ سے ہماری زندگی میں اس کے کردار پر تفصیلی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی نے علم و عمل کی جامعیت پر زور دیا اور دماغ کے ساتھ دل کو بھی بنانے اور سنوارنے کی تاکید کی۔ جلسہ تقسیم اسناد سے شہر اور بیرون کے متعدد علماء نے خطاب کیا۔ مولانا بانعیم نے اتحاد امت اور علماء کا فریضہ کے موضوع پر ، مولانا اسجد ندوی قاسمی نے موجودہ دور کے فتنوں کی خطرناکی اور سدباب کے ذرائع پر، مولانا غیاث احمد رشادی نے خدمت خلق اور علماء کی ذمہ داریاں ، ادارہ شاہین بیدر کے چیرمین جناب عبدالقدیر نے فضلائے مدارس اور عصری تعلیم اہمیت اور طریقہ کار پر، پروفیسر راشد نسیم ندوی نے یونیفارم سیول کوڈ کے نفاذ پر مسلمانوں کیلئے اس کے مضمرات پر خطاب کیا۔ کلمات تشکر مولانا مفتی اشرف علی قاسمی نے ادا کئے اور نظامت مولانا محمد اعظم ندوی نے انجام دی۔ اس موقع پر شہر و بیرون شہر کے مہمان، معززین اور علماء کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کتاب ’احکام حج و عمرہ اور زیارت
روضۃ النبی ﷺ‘‘ کی اشاعت
حیدرآباد 26 فروری (راست) اس کتاب کو نبسۂ حضرت یحییٰ پاشاہؒ مولانا حافظ سید خواجہ محی الدین حسینی قادری مدیر ماہنامہ ’’محبوب‘‘ نے تحریر کیا ہے۔ اس کتاب میں احکام حج و عمرہ کے علاوہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے مقاماتِ مقدسہ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہیں جو حج و عمرہ کو جانے والوں کے لئے بہت مفید ہیں۔ یہ کتاب ریاض مدینہ پبلیکیشنز اور حاذق کا مکان، قاضی پورہ پر دستیاب ہے۔ مزید معلومات موبائل نمبر 9885003529 پر ربط کریں۔