منو گوڑ میں وزیر لیبر کی دعوتِ شراب پر تنازعہ ، چیف منسٹر کی سخت برہمی

   


انچارجس کی کارکردگی سے کے سی آر عدم مطمئن ۔ بی جے پی رائی کو پہاڑ بنادے گی ۔ کے ٹی آر کی پارٹی قائدین کو وارننگ
حیدرآباد 11 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ منو گوڑ کے ضمنی انتخاب کیلئے انتخابی مہم چلانے نامزد کئے گئے انچارجس میں چند وزراء اور ارکان اسمبلی کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور اُنھیں وقار کا مسئلہ بناکر پارٹی امیدوار کی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کا مشورہ دیا ۔ چند قائدین کی جانب سے جن علاقوں کا انھیں انچارج بنایا گیا وہاں نہ پہونچنے پر ناراضگی کا اظہار کرنے کا علم ہوا ہے ۔ وزیر لیبر ملا ریڈی کی اہتمام کردہ دعوت متنازعہ بن گئی ہے ۔ سوشیل میڈیا پر اس کی منفی تشہیر کا چیف منسٹر کے سی آر نے سخت نوٹ لیا ہے اور اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس میں تال میل اور عدم تعاون کے فقدان کا بی جے پی فائدہ اُٹھاسکتی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی برہمی کے بعد ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے حلقہ منو گوڑ کے تمام انچارجس سے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرکے اُنھیں خصوصی ہدایتیں دی ہے اور پارٹی امیدوار کی کامیابی کیلئے مائیکرو لیول کی انتخابی مہم چلانے پر زور دیا ۔ وزیر لیبر ملا ریڈی کی دعوت سے جو تنازعہ پیدا ہوا ایسے تنازعات سے دور رہنے کی انچارجس کو ہدایت دی گئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابی مہم میں احتیاطی اقدامات ضروری ہے بصورت دیگر بی جے پی رائی کا پہاڑ بناکر ٹی آر ایس کی امیج کو داغدار بنائے گی اور عوام میں اس کا غلط پیغام پہونچے گا ۔ ماضی میں دوباک اور حضور آباد میں بی جے پی نے ٹی آر ایس کی ایسی ہی غلطیوں کا فائدہ اُٹھانے کا حوالہ دیا ہے ۔ منو گوڑ میں حکومت کی فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کرکے ٹی آر ایس نے انچارجس کے حوالے سے کی ۔ پارٹی انچارجس اور دوسرے ٹی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ فلاحی اسکیمات سے فائدہ اُٹھانے والے ووٹرس کے مکان کو پہونچیں اور اُنھیں حکومت کی اسکیمات سے واقف کراتے ہوئے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی ترغیب دیں۔ منو گوڑ ضمنی انتخاب کیلئے ٹی آر ایس پہلے سے محترک ہوگئی ہے ۔ ٹی آر ایس نے ہر 100 ووٹرس کیلئے ایک انچارج نامزد کیا ۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کو 86 یونٹس میں تقسیم کیا گیا ۔ وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل اور دیگر اہم قائدین کو انچارج نامزد کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام انچارجس کو دسہرہ کے دوسرے دن سے ہی اپنی ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت دی تاہم کئی مقامات تک پارٹی قائدین نہیں پہونچے جس کی اطلاع ملنے پر چیف منسٹر کے سی آر ناراض ہوگئے ہیں۔ انچارجس کو اپنے اپنے مقامات کو پہونچ جانے اور انتخابی مہم کے اختتام تک وہیں قیام و کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 14 اکٹوبر کو ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ہیں اُس دن بڑی ریالی منظم کرنے کی ٹی آر ایس تیاریاں کررہی ہیں ۔ ن