منچریال میں بھینسوں کے ساتھ کسانوں کا منفرد احتجاج

   

ٹریفک میں خلل ، جنگلاتی علاقہ میں بھینسوں کو روکنے پر ناراضگی
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) منچریال میں کسانوں نے منفرد انداز میں احتجاج منظم کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عہدیدار پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ضلع منچریال کے چنتا گوڑیم سے تعلق رکھنے والے کسان قریبی جنگلاتی علاقہ میں عہدیداروںکی جانب سے بھینسوںکو چرانے کی اجازت نہ دیئے جانے پر احتجاج کر رہے تھے ۔ انہوں نے بڑی تعداد میں بھینسوں کو ٹائیگر زون جنگلاتی علاقہ کے قریب سڑک پر جمع کردیا جس سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔ تقریباً دو گھنٹوں تک ٹریفک میں خلل پڑا۔ کسان بھینسوں کے ساتھ سڑک پر آگئے اور وہ بھی عہدیداروں کے رویہ کے خلاف احتجاج کرتے رہے ۔ انہوں نے ٹریفک میں خلل پیدا کیا۔ کسانوں کا استدلال ہے کہ وہ طویل عرصہ سے بھینسوں کو جنگلاتی علاقہ میں چھوڑتے ہیں تاکہ وہ چارہ حاصل کرسکیں۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اچانک اس پر اعتراض شروع کردیا ۔ عہدیداروں کے فیصلہ کو ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کسانوں نے کہا کہ جانوروں کو چرانے کیلئے ان کے پاس کوئی اور جگہ نہیں ہے ۔ فاریسٹ ڈیویژنل آفیسر مادھو راؤ کو جب اس دھرنے کی اطلاع ملی تو وہ فوری پہنچ گئے اور کسانوں کو جانور سڑک سے ہٹانے کے لئے کامیاب ترغیب دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع کریں گے۔ عہدیدار کے تیقن کے بعد کسانوں نے احتجاج سے دستبرداری اختیار کی اور اپنی بھنسوں کے ساتھ واپس ہوگئے ۔ اس طرح بھینسوں کے ساتھ احتجاج کا منفرد ڈرامہ ختم ہوا۔ (بشکریہ پائیونیر)