منگلورو میں مسلم نوجوان کا قتل ، حالات کشیدہ

   

محمد فاضل پر ہجوم نے مہلک ہتھیار سے حملہ کیا ، علاقہ میں سیکشن 144
منگلورو : کرناٹک کے ضلع منگلورو کے مضافاتی علاقہ سور تکل میں نامعلوم حملہ آوروں کے گروپ نے جمعرات کو اقلیتی برادری کے ایک نوجوان کو مبینہ طور پر مہلک ہتھیار سے وار کرتے ہوئے ہلاک کردیا ۔ پولیس کمشنر کے حوالے سے بتایا گیا کہ مقتول کی شناخت محمد فاضل کی حیثیت سے ہوئی جسے خطرناک ہتھیار کا نشانہ بنایا گیا ۔ واردات کے ساتھ ہی علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اور حکام نے ضابطہ فوجداری کا سیکشن 144 لاگو کردیا ۔ یہ واقعہ لگ بھگ اُسی وقت پیش آیا جب چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی پراوین نٹار کے مکان پر تھے ۔ وہ بی جے پی یوتھ ونگ کا لیڈر تھا جسے 2 روز قبل بیلارے میں کچھ اُسی طرح حملہ کرکے ہلاک کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر نے پراوین کے لواحقین کو پرسہ دینے کے بعد کہا کہ کرناٹک میں بھی شائد اترپردیش میں یوگی انداز اختیار کرنا پڑے گا ۔ ان کا اشارہ بلڈوزر کارروائی کی طرف ہے ۔ یو پی میں احتجاج کرنے یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر احتجاجیوں کے گھروں پر بلڈوزر چلائے جارہے ہیں ۔ پولیس نے کہا کہ فاضل کے قتل کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جائے گی ۔