منی پور میں تشدد کے بعد سیکورٹی آپریشن شروع کیا گیا

   

امپھال: منی پور میں گزشتہ دنوں سراؤ، کدنبند، سوگنو اور امپھال ایسٹ کے کچھ مقامات پر کوکی عسکریت پسندوں کے حملوں کے بعد بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے جانے کے ساتھ ہی آپریشن کیے گئے ہیں۔امپھال ایسٹ کے گاؤں والوں نے بتایا کہ 10 فروری کو شروع ہونے والی فائرنگ جمعرات تک جاری رہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیہات کی حفاظت کرنے والے نوجوانوں نے حملوں کے پیش نظر اسلحہ، گولہ بارود اور تحفظ کا مطالبہ کیا۔ منگل کو صورتحال اس وقت پرتشدد ہو گئی جب نوجوانوں نے سیکورٹی اور ہتھیاروں کا مطالبہ کرتے ہوئے کچھ تھانوں پر دھاوا بول دیا۔پولیس نے بتایا کہ کچھ نوجوان امپھال ایسٹ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں گھس گئے اور کچھ ہتھیار لے گئے ۔ پولیس نے ان پر فائرنگ کردی جس سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس بدھ کو تمام ہتھیار برآمد کرنے اور چھ افراد کو حراست میں لینے میں کامیاب ہو گئی۔ ان لوگوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی تحویل میں بھیج دیا ہے ۔