بالی: وزیر اعظم نریندر مودی نے G20 چوٹی کانفرنس کے موقع پر سنگاپور، فرانس، جرمنی، اٹلی، انڈونیشیا، آسٹریلیا اور برطانیہ کے رہنماؤں کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں کیں اور مختلف عالمی، علاقائی اور باہمی مفادات پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے سنگاپور کے وزیر اعظم لی ہیسین لونگ کے ساتھ ملاقات میں ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں کے درمیان فن ٹیک (مالیاتی ٹیکنالوجی)، قابل تجدید توانائی، مہارت کی ترقی، صحت اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ مودی نے سنگاپور کو گرین معیشت، بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور ہندوستان کی قومی انفراسٹرکچر پائپ لائن، اثاثہ منیٹائزیشن پلان اور گتی شکتی یوجنا سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، سول جوہری توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجودہ تعاون کا جائزہ لیا اور نئے شعبوں میں اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ مودی نے وسیع پیمانے پر دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور ٹرانسپورٹ، امیگریشن، مالیاتی اور دفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اٹلی کی پہلی خاتون وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، دہشت گردی سے نمٹنے اور عوام سے عوام کے روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت، تعلیم، صاف توانائی اور عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔ تعلیم میں ادارہ جاتی شراکت داری بالخصوص اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تعلیم، تربیت اور استعداد کار میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مودی کی برطانیہ کے پہلے ہندوستانی نژاد وزیر اعظم رشی سنک کے ساتھ پہلی ملاقات بہت گرمجوشی سے ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-برطانیہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی حیثیت اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل کے دوطرفہ تعلقات کے لیے روڈ میپ 2030 پر پیشرفت کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ طور پر ساتھ ساتھ جی۔20 اور دولت مشترکہ جیسے کثیر الجہتی فورموں پر مل کر کام کرنے کی اہمیت کو بھی سراہا۔ دونوں نے تجارت، ٹرانسپورٹ، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات کی۔ ذرائع کے مطابق مودی نے ان تمام لیڈروں کے ساتھ عالمی اور متعلقہ علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مودی جی -20 سربراہی اجلاس کے موقع پر پہلے ہی امریکی صدر جوزف آر بائیڈن اور انڈونیشیا کے صدر ویدوڈو سے ملاقات کر چکے ہیں