تلنگانہ حکومت کا مرکز کو تیقن، ایف ٹی ایل میں 1600 مکانات کی نشاندہی، متاثرین کی بازآبادکاری، راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر ٹی ساہو کا تحریری جواب
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر شہری ترقیات ٹی ساہو نے پارلیمنٹ میں بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی کے سوال پر تحریری جواب میں موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت کو واقف کرایا ہے کہ ندی کے احیاء کیلئے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر عمل آوری کا منصوبہ ہے۔ حکومت کے مطابق پراجکٹ کیلئے بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائیاں نہیں ہوں گی۔ حکومت نے اس بات کا تیقن دیا کہ بڑے پیمانے پر عوام کو بے گھر نہیں کیا جائے گا صرف ضرورت کے مطابق ہی انہدامی کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ اور ان کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت نے بتایا کہ موسی ندی کے احیاء کیلئے اراضی کے حصول سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے معاملہ میں قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ موسیٰ ندی کے حدود کے علاوہ بفر زون میں غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کیلئے انسانی ہمدردی کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ متاثرین کو 15 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کئے گئے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ ندی کے احیاء کے علاوہ آلودگی سے پاک بنانے اور حیدرآباد کو سیلاب جیسی صورتحال سے بچانے کیلئے پراجکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ حکومت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بی آر ایس رکن کے آر سریش ریڈی نے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے بارے میں عوام کی مخالفت سے متعلق راجیہ سبھا میں سوال کیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز کو اطلاع دی ہے کہ بہت جلد پراجکٹ کے کاموں کے آغاز کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایف ٹی ایل اور بفر زون کے حدود میں موجود عمارتوں کو عنقریب ہٹادیا جائے گا۔ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے یہ کارروائی کی جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں کو اندراماں انڈلو کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت دو مراحل میں پراجکٹ کی تکمیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پہلے مرحلہ میں موسی ندی کے اطراف کے علاقے کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں 50 کلو میٹر کے حدود میں بفر زون علاقے کو ترقی دی جائے گی۔ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کا کام جاری ہے۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز کو اطلاع دی ہے کہ پہلے مرحلہ کے کاموں کے آغاز کے چند دن بعد ہی دوسرے مرحلہ کے کاموں کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ حکومت نے موسی ندی کے ایف ٹی ایل علاقہ میں 1600 مکانات کی نشاندہی کی ہے ان میں سے کئی خاندانوں کا تخلیہ کرایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بفر زون میں 13 ہزار افراد کی باز آبادکاری کی جائے گی۔ مرکزی مملکتی وزیر نے بی آر ایس رکن کو تحریری جواب میں پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1