مکہ مکرمہ میں پہلی بار فضائی حملہ کا الرٹ، چند منٹ بعد خطرہ ٹل گیا

,

   

مکہ مکرمہ۔ 15 ستمبر ( ایجنسیز) سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں منگل 15 ستمبر کو ممکنہ فضائی حملے کے خطرے سے متعلق ایک مختصر ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سعودی شہری دفاع کے مطابق شہر میں خطرے کی صورتحال چند منٹ تک رہی اور اس کے بعد الرٹ ختم کرتے ہوئے خطرہ ٹلنے کی اطلاع دی گئی۔ یہ مکہ مکرمہ کے لیے نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم فار ایمرجنسی کیسز کے ذریعہ جاری کیا جانے والا اس نوعیت کا پہلا الرٹ تھا۔ الرٹ موصول ہونے کے بعد شہریوں سے کہا گیا کہ وہ حکام کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور صورتحال معمول پر آنے تک غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ سعودی شہری دفاع نے شہریوں کو ہدایت دی کہ ہنگامی الرٹ کے دوران کسی مقام پر جمع ہونے یا صورتحال کی ویڈیو بنانے سے اجتناب کیا جائے۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں 911 پر رابطہ کیا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جاسکے۔ حفاظتی ہدایات کے تحت شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے اور کھلے علاقوں سے دور رہنے کا کہا گیا۔ لوگوں کو کھڑکیوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ ممکنہ خطرے کی صورت میں نقصان کا امکان کم کیا جاسکے۔ مکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر علاقوں جدہ گورنریٹ، طائف، ابہا، جازان ریجن، العلا گورنریٹ اور ینبع میں بھی الرٹ جاری کئے تھے۔