مہاتما گاندھی کا یوم پیدائش ‘ وزیر اعظم اور دیگر کا خراج عقیدت

   

نئی دہلی: بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر آج وزیر اعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی کے علاوہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سمیت کئی قائدین راج گھاٹ پہنچے اور باپو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا اور کہا ‘گاندھی جینتی کے خاص موقع پر، میں مہاتما گاندھی کو نمن کرتا ہوں۔ ان کی لازوال تعلیمات ہمارے راستے کو روشن کرتی ہیں۔ مہاتما گاندھی کا اثر عالمی ہے، جو تمام بنی نوع انسان کو اتحاد اور ہمدردی کے جذبے کی پیروی کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہم ہمیشہ ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر راج گھاٹ پر خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی یوم پیدائش کے موقع پر انہیں بھی خراج عقیدت پیش کیا۔