میرعالم تالاب پر بھی کیبل برج تعمیر ہوگا

   

ایچ ایم ڈی اے کا منصوبہ ۔ اپنی نوعیت کا دوسرا برج ہوگا
حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ایک اور کیبل برج تعمیر کیا جائیگا ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) نے میرعالم تالاب پر ایک کیبل برج کی تجویز تیار کی ہے ۔ ریاست میں یہ اپنی نوعیت کا دوسری برج ہوگا ۔ پہلا کیبل برج درگم چیرو تالاب پر بنایا گیا ہے جو کبھی خفیہ جھیل قرار دیا جاتا تھا ۔ درگم چیرو کا کیبل برج اب شہر کے عوام اور سیاحوں کیلئے ایک اہم مقام بن گیا ہے اور اس کا ستمبر 2020 میں ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے افتتاح انجام دیا تھا ۔ دوسری جانب اب میر عالم تالاب پر بھی اسی طرز کا برج تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے ۔ یہ 2.5 کیلومیٹر کا برج ہوگا اور چھ رخی ہوگا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس کا مرکزی حصہ 350 میٹر کا ہوگا اور اس کی بلندی 100 میٹر تک ہوسکتی ہے ۔ برج کے ذریعہ بنگلورو نیشنل ہائی وے کو چنتل میٹ سے مربوط کیا جائیگا ۔ یہ برج ڈی مارٹ ‘ گردوارہ ‘ کشن باغ ‘ بہادر پورہ چورہے کی روٹ پر تعمیر ہوسکتا ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ کسی رکاوٹ کے بغیر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جاسکے گا اور برج پر سے میرعالم تالاب کا مشاہدہ بھی بہت شاندار ہوسکتا ہے ۔