میرے خلاف عدالتوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے ‘ میں قانون کے مطابق کام کر رہا ہوں

   

کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کا دعوی ۔ لینڈ مافیا پر گمراہ کن دستاویزات استعمال کرنے کا الزام
حیدرآباد۔28جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے کمشنر ’حیڈرا‘ کے عہدہ سے مسٹر اے وی رنگاناتھ کو ہٹانے کی ہدایت کے بعد مسٹر اے وی رنگاناتھ نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف عدالت میں تحقیر عدالت کے مقدمات درج کروانے والے وہ افراد ہیں جو اپنا اثر و رسوخ کا استعمال کرکے تالابوں اور سرکاری اراضیات پر قبضہ کرتے ہوئے انہیں فروخت کر رہے ہیں۔ مسٹر رنگاناتھ نے کہا کہ حکومت نے ’حیڈرا‘ کے قیام کے ذریعہ انہیں جو اختیارات دئے ہیں وہ ان کے استعمال کے ذریعہ تالابوں اور سرکاری اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتوں میں گمراہ کن دستاویزات جمع کرواتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ وہ دستور کی دفعہ 21 اور 48A کے تحت تالابوں اور عوامی اثاثہ جات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ اے وی رنگاناتھ نے الزام عائد کیا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں تالابوں اور سرکاری اراضیات و پارکس پر قبضہ کرنے والے لینڈ گرابرس حیڈرا سے نقصانات کے نتیجہ میں ان کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں۔کمشنر ’حیڈرا‘ نے دعویٰ کیا کہ ’حیڈرا‘ کے قیام سے اب تک مجموعی اعتبار سے ’حیڈرا‘ نے 1 لاکھ 50 ہزار کروڑ مالیت کی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سرکاری اثاثوں کا تحفظ کیا ۔ علاوہ ازیں 6 تالابوں کی بازیافت اور انہیں حقیقی صورت میں واپس لاتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ لینڈ گرابرس جوسینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضیات پر قبضہ کے ذریعہ فروخت کرنے کے مرتکب تھے ان کے خلاف کاروائیوں کے نتیجہ میں انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔مسٹر رنگاناتھ نے واضح کیا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ’حیڈرا‘ کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور کسی لینڈ گرابر کے ذریعہ دباؤ کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہو ںنے لوتھ کنٹہ اراضی معاملہ کی وضاحت کرکے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کو برخواست کروانے کی کوشش کے دوران ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کرکے عدالت کو گمراہ کیا گیا اور یہ باور کروایا گیا کہ ’حیڈرا‘ ذاتی ملکیت اراضی پر بورڈ آویزاں کر رہا ہے جبکہ یہ اراضی سرکاری ہے ۔ 3/k/b