میسورو اتھاریٹی سدارامیا کی اہلیہ سے پلاٹس واپس لینے تیار

   

بنگلورو : میسورو اربن ڈیولپمنٹ اتھاریڈی ( موڈا ) نے چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کی شریک حیات کو الاٹ کردہ 14 پلاٹس واپس لینے سے اتفاق کیا ہے ۔ یہ پلاٹس ایک بڑے تنازعہ کی وجہ بن گئے ہیں اور بی جے پی اسے اسکام قرار دے رہی ہے ۔ چیف منسٹر کی شریک حیات بی این پاروتی نے موڈا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ پلاٹس واپس کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر ایسا کرنا چاہتی ہیں۔ وجئے نگر فیس 3 اور 4 میں سدارامیا کی شریک حیات کو یہ پلاٹس الاٹ کئے گئے تھے ۔ یہ میسورو کے مرکزی علاقے ہیں۔ یہ پلاٹس جملہ 3.16 ایکڑ اراضی پر محیط ہیں اور یہ معاوضہ کے طور پر الاٹ کئے گئے تھے ۔ ایک انسداد رشوت ستانی کارکن نے شکایت کی تھی کہ اس سے ریاست کو جملہ 45 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ اس مبینہ اسکام میں لوک آیوکت اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے چیف منسٹر کے خلاف مقدمات درج کئے تھے ۔ میسورو اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کمشنر اے این رگھونندن نے آج کہا کہ قانون کی گنجائش کے مطابق اتھاریٹی یہ پلاٹس واپس لے سکتی ہے ۔ ہم نے اس مسئلہ پر وکلاء سے بات چیت کی ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ اراضی واپس لیں گے اور ہم نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ اس اراضی کے سیل ڈیڈ بھی منسوخ کردئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا تحقیقات سے کوئی تلعق نہیں ہے ۔ ہم اگر کسی اور کو یہ پلاٹس الاٹ کرنے کی ضرورت پیش آئے تو تحقیق کنندگان کو اس سے مطلع کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں گنجائش موجود ہے ۔ ہم اس سے لوک آیوکت اور دیگر تحقیقاتی عہدیداروں کو بھی واقف کروائیں گے ۔ مس پاروتی نے اتھاریٹی کو مکتوب میں کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ یہ پلاٹس واپس کردئے جائیں تاہم انہیںمشورہ دیا گیا تھا کہ ایسا نہ کریں کیونکہ ان کے شوہر کے خلاف الزامات سیاسی اغراض پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر سدا رامیا جو ریاست کے چیف منسٹر بھی ہیں قوانین اور اصولوں کی سختی کے ساتھ پابندی کرتے ہیں۔