میچ فکسنگ،انصاری پر 10 سال کی پابندی

   

دبئی ۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیشکش کرنے والے عرفان انصاری پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے10برس کی پابندی عائد کردی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی ٹربیونل نے اسے ضابطہ اخلاق کی 3 شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا۔ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران ٹربیونل کو ٹھوس شواہد ملے کہ عرفان انصاری کی سرفراز سے ملاقات کا مقصد ان سے معلومات کا حصول تھا۔اس پابندی کے نتیجے میں عرفان انصاری 2029 تک آئی سی سی کے زیر اہتمام یا اس سے منسلک اداروں کے تحت کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ یاد رہے کہ 2017 میں امارات میں سری لنکا کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز کے دوران تیسرے میچ سے قبل ایک سٹے باز نے سرفراز احمد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔اس کے بارے میں سرفراز نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔ بعد ازاں اس سٹے بازکی شناخت عرفان انصاری کے نام سے ہوئی تھی۔آئی سی سی نے اس معاملے پر تحقیقات کا آغاز کیا لیکن گزشتہ سال اکتوبر اور رواں سال فروری کے اجلاس میں عرفان نے اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ جاری کردی گئی۔مقدمے کی سماعت کے دوران عرفان انصاری کی جانب سے سرفراز کو میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے ثبوت اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش کئے گئے۔عرفان انصاری متحدہ عرب امارات کے ڈومیسٹک میچوں میں شرکت کرنے والی 2 ٹیموں کے کوچ کے علاوہ امارات جانے والی ٹیموں کو پریکٹس کیلئے بولرز فراہم کرنے کی وجہ سے آئی سی سی کے قوانین کا پابند تھا۔
اس پریہ الزام بھی ہے کہ اس نے ایک کھلاڑی کو قواعد کی خلاف ورزی پر اکسایا، اندرونی معلومات افشاء کیں۔