میڈیا پر امریکی پابندیاں ایرانیوں کے حقوق کی خلاف ورزی : ایران

   

تہران: ایران نے ملک کے سرکاری ٹی وی اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) اور اس کے الحاق شدہ نیٹ ورک پریس ٹی وی پر واشنگٹن کی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ ایرانی میڈیا پر پابندیوں کا مقصد ایرانیوں کو باقی دنیا کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرنے سے روکنا ہے، امریکی محکمہ خزانہ کے فارن اثاثہ جات کے کنٹرول کے دفتر نے اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے 6 سینئر ملازمین پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں ایرانی عوام کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور ایران مخالف نیٹ ورکس و میڈیا کو ایرانی قوم کے خلاف اپنی بد نیتی پر مبنی کارروائیاں جاری رکھنے کی اجازت دینے کی کوشش ہیں۔
جاپان میں افراطِ زر کی شرح 40سال کی بلند ترین سطح پر
ٹوکیو : جاپان میں افراطِ زر کی شرح چالیس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان میں افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔ جاپان میں مہنگائی میں سالانہ 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔