ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی پر سیاسی بلڈوزرس چلائے گی : جیون ریڈی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کا میک اِن انڈیا کا نعرہ بلڈوزر انڈیا میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس ، بی جے پی پر سیاسی بلڈوزرس چلائے گی ۔ آج ٹی آر ایس ایل پی آفس اسمبلی میں میڈاے سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کو چوروں کی ٹولی کا سردار قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے قائدین من مانی کررہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ میں پدیاترا کرنے والے بنڈی سنجے سے استفسار کیا کہ وہ پدیاترا کیوں کررہے ہیں ۔ مرکزی فنڈز کی اجرائی کے معاملے میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے اس کو غلط ثابت کرنے کا بی جے پی کے قائدین کو چیلنج کیا تھا ۔ چیلنج کرنے کے دو دن مکمل ہوچکے ہیں ۔ بی جے پی کے کسی بھی قائد نے ابھی تک چیلنج قبول نہیں کیا ہے ۔ بی جے پی کے قائدین ریاست کی ہر اسکیم میں مرکزی حکومت کی حصہ داری ہونے اور تمام ترقیاتی اقدامات میں مرکز کا تعاون ہونے کا دعویٰ کیا تھا مگر کے ٹی آر نے جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں اس کو بی جے پی کے قائدین نے غلط ثابت نہیں کیا ہے ۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے ریاست کے مسائل کی یکسوئی کے لیے کبھی مرکزی وزراء سے ملاقات نہیں کی ۔ جیون ریڈی نے اپوزیشن قائدین کو زبان سنبھال کر بات کرنے کا مشورہ دیا ۔۔ ن