سائبرآباد کمشنر کو تحقیقات کی ہدایت، پرجاوانی میں متاثرین کی ڈاکٹر چناریڈی سے ملاقات
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) ناروے میں روزگار کا جھانسہ دے کر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 35 افراد کی دھوکہ دہی کا معاملہ چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام میں پیش کیا گیا۔ پرجا وانی کے انچارج ڈاکٹر جی چناریڈی نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ نے عہدیداروں کو اِس معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔ متاثرین نے جن میں مرد و خواتین شامل تھے، پرجا وانی پروگرام میں شکایت کی کہ ایک خانگی ادارہ آئی بُک نے 35 گرائجویٹس کو ناروے میں ورک ویزا کے تحت روزگار کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا ہے۔ متاثرین کا تعلق ریاست کے مختلف اضلاع سے ہے۔ پرواسی پرجاوانی کے کوآرڈی نیٹر امریندر ریڈی نے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے شکایت کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے ڈاکٹر جی چناریڈی کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ کمشنر سائبرآباد کو اِس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف دلانے کی ہدایت دی گئی۔ شکایت کنندگان نے بتایا کہ خانگی کنسلٹنٹ نے ہر امیدوار سے 5 لاکھ روپئے حاصل کئے تاکہ ناروے میں ملازمت کے لئے ویزا کا انتظام کیا جائے۔ متاثرین نے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔ ڈاکٹر چناریڈی نے متاثرین کو انصاف کا تیقن دیا۔ اِسی دوران اقلیتی اقامتی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے نان ٹیچنگ اسٹاف نے ڈاکٹر جی چناریڈی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے پراویڈنٹ فنڈ، ای ایس آئی اور ہیلت کارڈ جیسی سہولتوں کی درخواست کی۔ اُنھوں نے قواعد کے مطابق تنخواہ میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ اقلیتی اقامتی اسکول میں خدمات انجام دینے والے نان ٹیچنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ مسائل کا شکار ہیں۔ ڈاکٹر چناریڈی نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ اِسی دوران پرجاوانی پروگرام میں جملہ 379 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ پرجاوانی کا یہ 219 واں پروگرام تھا۔ محکمہ پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ کے مسائل پر 103، ریونیو 66 اور اندراماں ہاؤزنگ کے لئے 105 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ایڈیشنل کلکٹر سوریہ پرکاش اور دیگر عہدیداروں نے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری درخواستوں کو قبول کیا۔V/1