ہوک، 29اگست (یو این آئی) جان فرائلنک کی شاندار نصف سنچری اور جے جے اسمٹ و روبن ٹرمپلمین کی عمدہ بولنگ کی بدولت نامیبیا نے گھریلو سہ رخی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو18رنز سے شکست دے کر یادگارآغازکیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نامیبیا نے مقررہ 20 اوورمیں9 وکٹوں کے نقصان پر 163رنز بنائے ، جس میں اوپنر جان فرائلنک نے 38گیندوں پر 60 رنزکی شاندار اننگزکھیلی۔جواب میں جنوبی افریقہ نے پاور پلے کے دوران ہی دونوں اوپنرز کے وکٹ گنوا دیے ۔ ڈیوالڈ بریوس نے 50گیندوں پر 75 رنزکی جدوجہد کی، جس میں چار چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے ، لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے ۔ جے جے اسمٹ نے 31 رنز دے کر تین جبکہ روبن ٹرمپلمین نے 24 رنزکے عوض تین وکٹ حاصل کیے ۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی ٹی20کی دوسری ملاقات تھی اور دونوں مرتبہ نامیبیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ یہ کامیابی نامیبیا کے لیے بہت اہم ہے ، جو جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے ساتھ مل کر آئندہ سال آئی سی سی مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے کہا کہ یہ فتح ثابت کرتی ہے کہ ان کی ٹیم اس سطح پر مسلسل اچھے مظاہرہ سے بہترین ٹیموں کا مقابلہ کر سکتی ہے ۔