نانڈیڑکے بعد اب ناگپور میں24 گھنٹے میں 25 مریض فوت

   

ناگپور: مہاراشٹرا کے ناندیڑ اور اورنگ آباد کے بعد اب ناگپور کے سرکاری اسپتال میں 24 گھنٹے کے اندر 25 مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ یہ اموات یہاں کے دو مختلف سرکاری اسپتالوں میں ہوئی ہیں۔اس سے پہلے، مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں منگل کی صبح 8 بجے تک 24 گھنٹوں کے اندر کم از کم 18 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اس سے پہلے مراٹھواڑہ کے ناندیڑ میں ڈاکٹر شنکر راؤ چوہان گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں 30 ستمبر سے 1 اکتوبر کے درمیان 24 گھنٹوں میں 24 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اس کے بعد یکم سے 2 اکتوبر کے درمیان مزید سات اموات ریکارڈ کی گئیں، جس سے 48 گھنٹوں میں اموات کی کل تعداد 31 ہوگئی تھی۔اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 2 اکتوبر کی صبح 8 بجے سے 3 اکتوبر کی صبح 8 بجے کے درمیان 18 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ جی ایم سی ایچ میں درج 18 اموات میں سے چار افراد کو ہاسپٹل میں مردہ لایا گیا تھا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ جاں بحق 18 افراد میں سے دو مریضوں کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جبکہ دو دیگر نمونیا میں مبتلا ہے۔