نرسمہا راؤ سے ہریش راؤ کی ہمدردی باعث حیرت: جیون ریڈی

   

حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے سابق وزیر ہریش راؤ کی جانب سے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ سے متعلق دیئے گئے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسمہا راؤ سے ہریش راؤ کا اظہار عقیدت باعث حیرت ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے نرسمہا راؤ کی کسی بھی طرح توہین نہیں کی ہے۔ کانگریس نے انہیں چیف منسٹر اور پھر وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کیا۔ انہوں نے ہر عہدہ کی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ نرسمہا راؤ کے افراد خاندان نے حیدرآباد میں آخری رسومات انجام دینے کی خواہش کی تھی جس کے مطابق حیدرآباد میں سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین نرسمہا راؤ کے نام پر کانگریس کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کھمم کے سات منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کرنے اور تلنگانہ سے غیر قانونی طور پر پانی کی آندھرا پردیش منتقلی پر بی آر ایس حکومت نے خاموشی اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں اور کانگریس نے تمام امور کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔