نرمل میں سوتیلے بیٹے کے قتل کے لیے ماں کی لاکھوں کی سپاری

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : نرمل ضلع میں ایک خاتون انوری بیگم نے اپنے سوتیلے بیٹے اسلم خاں کو قتل کرنے کے لیے 6 لاکھ روپئے کی سپاری دی ۔ 28 سالہ اسلم خان کے والد نے 17 سال قبل 41 سالہ انوری بیگم سے شادی کی تھی ۔ چند ماہ سے انوری بیگم کے مبینہ طور پر خان کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کئے تھے ۔ خان اس رشتہ کو ختم کرتے ہوئے شادی کر کے نئی زندگی شروع کرنا چاہتا تھا لیکن انوری بیگم اس کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا چاہتی تھی ۔ انوری بیگم کی بات نا ماننے پر اس نے اسلم کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ جان کے خوف کی وجہ سے اسلم نے اپنے انکل کو اس معاملے کی تفصیلات بتائی ۔ جس کے بعد خاندان میں جھگڑے شروع ہوگئے ۔ جھگڑوں کے بعد اسلم اپنے چچا کے مکان منتقل ہوگیا اور آٹو چلا کر اپنی روزی کما رہا تھا ۔ انوری بیگم نے الزام لگایا کہ ان کے تعلقات کو بے نقاب کر کے خاندان میں اس کی شبیہہ کو داغدار کیا ۔ جس کے بعد اس نے اسلم کے قتل کا منصوبہ بنایا اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی ایک گینگ کو 6 لاکھ روپئے کی سپاری دی ۔ جب اسلم وائی ایس آر کالونی پہنچا تب مقیت ، افروز ، سائی ناتھ پوار اور شیخ شاہد نے اسے روکا اور اس پر چاقوؤں سے اندھا دھند وار کئے ۔ یہ واقعہ 15 جولائی کو پیش آیا ۔ حملہ کرنے کے بعد وہ وہاں سے فرار ہوگئے ۔ اسلم کو دواخانہ منتقل کردیا گیا تھا ۔ جہاں وہ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ پولیس نے شکایت ملنے کے بعد مقدمہ درج کرتے ہوئے انوری بیگم اور دیگر پانچ افراد کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش m/b