کانگریس قائدین یشونت سنہا سے ملاقات نہیں کریں گے، ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وزیراعظم کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر دو روزہ احتجاجی پروگرام کے لئے پولیس سے اجازت طلب کی ہے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لئے اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا کی چیف منسٹر کے سی آر سے امکانی ملاقات کی مخالفت کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اندرا پارک دھرنا چوک پر دو روزہ احتجاجی پروگرام کے لئے پولیس سے اجازت طلب کی ہے۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی اور تقسیم کے وقت کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر احتجاج کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کو تلنگانہ عوام سے معذرت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے اور مرکزی وزیر کشن ریڈی کو شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے پاس وعدوں کی عدم تکمیل پر معذرت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں بی جے پی نے تلنگانہ کو دھوکہ دیا ہے۔ انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر نے وعدوں کی تکمیل پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ نریندر مودی کو وعدوں کی یاد دہانی کرانے کیلئے کانگریس دو روزہ احتجاج کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یشونت سنہا کے دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ 2 جولائی کو یشونت سنہا کے دورہ کی اطلاع ملی ہے۔ وہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے سی آر سے ملاقات کرنے والوں سے کانگریس قائدین اور ارکان اسمبلی ملاقات نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ اگر یشونت سنہا، کے سی آر سے ملاقات کرتے ہیں تو کانگریس پارٹی کے قائدین ان سے ملاقات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یشونت سنہا پہلے کانگریس قائدین اور پھر کے سی آر سے ملاقات کرنا چاہیں تب بھی کانگریس کے لئے یہ قبول نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یشونت سنہا ترنمول کانگریس کے امیدوار ہیں کانگریس کے نہیں۔ ممتا بنرجی کی اپیل پر کانگریس ان کی تائید کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ کونڈہ وشویشور ریڈی میرے اچھے دوست ہیں اور اگر بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو وہ مختصر عرصہ کے بعد کانگریس میں واپس ہوں گے ۔ر