نواز شریف کا نام حذف کرنے سے حکومت پاکستان کا انکار

   

اسلام آباد۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے ہفتہ کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی اس درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے نہ صرف اپنا نام بلکہ اپنی بیٹی اور داماد کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ECL) سے حذف کرنے کی درخواست کی تھی جس کی وجہ سے وہ لوگ بیرونی سفر کرنے سے محروم ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر نے علیحدہ علیحدہ طور پر وزارت داخلہ میں درخواست داخل کرتے ہوئے ان کے ناموں کو ای سی ایل سے حذف کرنے کی خواہش کی تھی۔ جیو نیوز کے مطابق انہوں نے اپنی عرضداشت میں یہ استدلال پیش کیا تھا کہ ایگزیٹ فرام پاکستان کے رولز 2010ء کا ان پر اطلاق نہیں ہوتا کیونکہ وہ بدعنوانی، اختیارات کے بیجا استعمال، دہشت گردی اور سازش جیسے جرائم میں ملوث نہیں ہیں لہذا ان کے نام ای سی ایل سے حذف کردیئے جائیں تاہم حکومت پاکستان سے ان کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔