سڈنی ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 29 ویں مرتبہ کل ٹی ٹوئنٹی میں میچ کھیلا جائے گا، یہ میچ کوئی دوطرفہ یا سیریز کا نہیں بلکہ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان کا ریکارڈ نیوزی لینڈ سے کافی بہتر ہے۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 17 میچ جیتے جبکہ 11 میں نیوزی لینڈ کامیاب رہا ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 201 جبکہ کم ترین اسکور 101 رنز ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری میچ گزشتہ ماہ ورلڈ کپ سے پہلے سہ ملکی سیریز کا فائنل کھیلا گیا تھا۔ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی، اس میچ میں محمد نوازکو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا جو اب بھی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جو کہ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں مقرر ہے۔