ناندیڑ: ناندیڑ شہر کے اسری نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں اتوار کے دن سے لاپتہ عبدالعظیم کی لاش آج ملی اور اسی دوران ان کے معصوم چار سالہ بیٹے کی ایک حادثے میں دردناک موت ہوگئی۔عبدالعظیم اتوار کے دن گوداوری ندی میں تیراکی کرنے گئے تھے، لیکن ندی میں پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ جانے سے وہ بہہ گئے۔ پچھلے دو دنوں سے ان کی تلاش جاری تھی۔ بالآخر آج صبح ساڑھے نو بجے ان کی لاش تیلنگانہ کے دیوا پور کے قریب پائی گئی۔لاش ملنے پر گھر میں کہرام مچ گیا، اور اہل خانہ غم کی شدت میں ڈوب گئے۔اسی دوران ایک اور المناک حادثہ پیش آیا جب عبدالعظیم کے چار سالہ بیٹے کو اپنے والد کی آخری دیدار کیلئے لے جایا جا رہا تھا۔ ریتی سے بھرے ایک ٹپر گاڑی نے راستے میں معصوم کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔