وبائی امراض کا پھٹ پڑنا ، صحت عامہ کے لیے بہت بڑا چیلنج

   

لوگ دست قئے ، ٹائیفائیڈ ، بخار ، سر درد اور دوسری بیماریوں میں مبتلا ، ہاسپٹلس سے رجوع
پانی گرم کر کے استعمال کرنے تازہ غذا کھانے ، صاف صفائی کا خیال رکھنے ، ماسک لگانے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال کے علاوہ وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی جارہی ہے ۔ ڈینگو بخار اور کورونا وائرس کے کیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ جو صحت عامہ کے لیے بہت بڑا چیلنج بنا ہوا ہے ۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ گھر میں ایک فرد کے بیمار پڑنے پر باری باری دوسرے افراد بھی اس کی زد میں آرہے ہیں ۔ موسم کے سرد ہونے اور بارش کی کثرت سے سانس لینے کے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ آلودہ پانی کے استعمال سے بہت سے لوگ ، دست قئے ، ٹائیفائیڈ ، دفتتریا کا شکار ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں فیور ہاسپٹل کے علاوہ ایریا ہاسپٹلس ، اربن ہیلت سنٹرس بستی دواخانوں میں عوام قطار لگائے ہوئے ہیں ۔ دن بہ دن ڈینگو بخار کے کیس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ گھر کے احاطے میں موجود پھولوں کے گملے گھر کی چھتوں پر موجود خالی ڈبے ، ٹائرس گھر کے ارد گرد خالی جگہوں پر پانی جمع ہونے سے وہ مچھروں کی آماجگاہوں میں تبدیل ہورہے ہیں ۔ جو وبائی امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں ۔ تاحال شہر حیدرآباد میں 200 سے زیادہ ڈینگو کے کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ اس طرح اضلاع رنگاریڈی اور میڑچل بالترتیب 61 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکام کی جانب سے سرکاری طور پر جو تعداد بتائی جارہی ہے اس سے کہیں زیادہ لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔ کورونا کیس کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ روزانہ حیدرآباد میں 250 تا 260 نئے کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ اس طرح ضلع رنگاریڈی میں 50 تا 60 اور ضلع میڑچل میں 30 تا 40 کیس درج ہورہے ہیں ۔ کئی لوگ کھانسی ، بخار ، سانس لینے کے مسائل سے دوچار ہیں اور ہاسپٹلس میں علاج کروانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کو دریائے گوداوری ، کرشنا کے بشمول عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے پانی سربراہ کیا جاتا ہے ۔ حالیہ ہونے والی بارش سے ان آبپاشی پراجکٹس میں سیلاب کا پانی جمع ہورہا ہے ۔ آلودہ ہونے والے پانی کو مناسب انداز میں فلٹر کیے بغیر پمپنگ کرنے سے سربراہ ہونے والا پانی پینے والے عوام قئے اور دست ، ٹائیفائیڈ اور بخار میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پانی کو گرم کر کے پیا کریں ۔ ساتھ ہی تازہ غذا استعمال کی جائے گھروں اور اس کے اطراف و اکناف صاف صفائی کا خیال رکھیں ۔ ماسک اور سنیٹائیز کا لازمی طور پر استعمال کریں ۔۔ ن