ورنگل میں 650 کروڑ سے ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کا قیام : کشن ریڈی

   

کوچیس اور انجن کی تیاری، ایم ایم ٹی ایس خدمات کی یادادری تک توسیع، ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس
حیدرآباد 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے کہاکہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 90 فیصد ریلوے لائن کے الیکٹریفکیشن کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت آج حیدرآباد میں ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ میں ریلویز کے پراجکٹس کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے اپنے حلقہ جات کے تحت ریلویز کے کاموں کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ اجلاس میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ رگھونندن راؤ، ایٹالہ راجندر، کے آر سریش ریڈی، کڈیم کاویا اور دوسروں نے شرکت کی۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کئی پراجکٹس کا آغاز کیا ہے۔ ریلویز کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لئے مرکزی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ورنگل میں ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کیا جارہا ہے جس پر 650 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے بجٹ میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا جس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ مرکزی وزیر کے مطابق ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 5 وندے بھارت ٹرینوں کو متعارف کیا گیا ہے۔ نئی روٹس پر وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کا منصوبہ ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو 720 کروڑ سے ترقی دی جارہی ہے اور آئندہ سال ڈسمبر تک ترقیاتی کام مکمل ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایم ایم ٹی ایس سرویس کو یادادری تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توسیعی پراجکٹ پر 650 کروڑ خرچ ہوں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایم ایم ٹی ایس سرویسس فی الوقت گھٹکیسر تک جاری ہیں اور وہاں سے یادادری تک توسیع کا منصوبہ ہے۔ ریاستی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود مرکزی حکومت ایم ایم ٹی ایس خدمات کو یادادری تک توسیع دے دی۔ کشن ریڈی نے کہاکہ نئی ریلوے لائن کے علاوہ ریلوے لائنس کی ڈبلنگ کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ الیکٹریفکیشن کے کاموں کے نتیجہ میں ریلوے خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ورنگل میں قائم کئے جانے والے ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کے تحت ریلوے ویاگن، کوچ اور انجن کی تیاری کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں 40 ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی اور عصری بنانے کے پراجکٹ پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل 430 کروڑ کی لاگت سے اختتامی مراحل میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے لئے 6000 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اپنے حلقہ جات میں نئی ریلوے لائنس اور ریلوے اسٹیشنوں کے ترقیاتی کاموں پر نمائندگی کی۔ بی جے پی رکن رگھونندن راؤ نے صحافیوں اور معذورین کے ریلوے پاسیس کے احیاء کی سفارش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ صحافیوں اور معذورین کو سابق میں ریلوے سفر میں رعایتیں موجود تھیں، اِس کا احیاء کیا جائے۔ اُنھوں نے ناگولا پلی ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔ ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 500 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے میدک لوک سبھا حلقہ میں اجنتہ ایلورا ایکسپریس ٹرین کے توقف کو یقینی بنانے کی تجویز پیش کی۔ اُنھوں نے منوہرآباد تا کوتہ پلی ریلوے لائن کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیا۔ 1