وزراء کے قلمدانوں کو قطعیت دینے ریونت ریڈی دہلی روانہ

   

حیدرآباد ۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج دوپہر نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں ہائی کمان سے 11 وزراء کے قلمدانوں کی منظوری حاصل کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی وزراء کے قلمدانوں کے علاوہ مزید 6 وزراء کی شمولیت پر ہائی کمان سے بات چیت کریں گے ۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ کابینہ میں باقی 6 وزراء کو جلد ہی شامل کرلیا جائے تاکہ حکومت کی بہتر کارکردگی میں مدد ملے۔ مکمل کابینہ کی تشکیل سے حکومت اسکیمات پر عمل آوری میں وزراء کو مشغول کرسکتی ہے اور ارکان اسمبلی میں کابینہ میں شمولیت کی دوڑ بھی ختم ہوجائے گی ۔ ریونت ریڈی جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے قلمدانوں کے بارے میں کے سی وینو گوپال کو پہلے ہی ہدایات جاری کردی ہیں۔ توقع ہے کہ ہائی کمان کابینہ کی توسیع کی اجازت دے گا اور قلمدانوں کی تفصیلات کے ساتھ ریونت ریڈی آج رات حیدرآباد واپس ہوجائیں گے کیونکہ کل سے اسمبلی کا اجلاس شروع ہورہا ہے ۔