اندراماں ہاؤزنگ کے لیے درخواستیں ، ضلع کلکٹرس سے فون پر ربط
حیدرآباد ۔24 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے گاندھی بھون میں عوامی سماعت سے متعلق پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے تحریری نمائندگیاں وصول کیں۔ پارٹی نے ہفتہ میں ایک دن کسی ریاستی وزیر کو گاندھی بھون میں عوامی سماعت کی ذمہ داری دی ہے۔ پونم پربھاکر نے دو گھنٹوں تک عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کرتے ہوئے بعض اہم کیسس میں عہدیداروں کو فون کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تحریری نمائندگیوں کو متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ زیادہ تر درخواستیں حکومت کی اسکیمات سے متعلق تھی۔ اندراماں ہاؤزنگ اور پنشن کے بارے میں تحریری درخواستیں داخل کی گئیں۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مستحق خاندانوں کو راشن کارڈس کی اجرائی اور باریک چاول کی سربراہی کے نتیجہ میں ایک بھی درخواست راشن کارڈ کے بارے میں وصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت دو لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں پر عمل آوری کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اندراماں ہاؤزنگ کے لئے درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ حکومت نے حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے مسائل کی یکسوئی کے لئے ضلع کلکٹرس سے فون پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام میں اطمینان پایا جاتا ہے لیکن بی آر ایس قائدین حکومت کے خلاف الزام تراشی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو یوریا کی سربراہی کے سلسلہ میں بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو مرکز سے نمائندگی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ قرض معافی اور زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کے ذریعہ ریونت ریڈی حکومت نے کسانوں کی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔1/k/m/b