وزیراعظم انڈیا موبائل کانگریس کا افتتاح کریں گے

   

نئی دہلی، 7 اکتوبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کے روز یہاں ‘یشو بھومی’ میں جاری ‘انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی) کے دسویں ایڈیشن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے اور حاضرین سے خطاب بھی کریں گے ۔ وزیر اعظم کا اس پروگرام میں صبح 10 بجے شرکت کا شیڈول ہے ۔ وزیر اعظم کے دفترکی ایک پریس ریلیز کے مطابق، محکمہ مواصلات اور سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی اواے آئی) کے مشترکہ زیر اہتمام منعقد ہونے والی انڈیا موبائل کانگریس کے پروگرام 7 سے 10 اکتوبر تک جاری رہیں گے ۔ آئی ایم سی 2026 کا مرکزی موضوع ‘حدود سے آگے توسیع ہے ، جو ڈیجیٹل جدت طرازی، اگلی نسل کی کنیکٹیویٹی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں ہندستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے ۔ آئی ایم سی 2026 کے چار اہم ستون ہوں گے – ’سِرشٹی: مستقبل کی تعمیر، ’سموردھن:‘ ترقی کو رفتار دینا، ’سَشَکت:‘مواقع میں وسعت، اور ’سُرکشا:‘ اعتماد کا استحکام۔ یہ پروگرام جدت طرازی اور اگلی نسل کے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے ، ٹیکنالوجی پر مبنی اقتصادی ترقی، ہمہ گیر ڈیجیٹل رسائی اور محفوظ و متحرک ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی ترقی پر مرکوز ہوگا۔ آئی ایم سی 2026 عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کے قائدین، پالیسی سازوں، انڈسٹری ماہرین، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور جدید فکر رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا تاکہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں ابھرتے ہوئے مواقع کا پتہ لگایا جا سکے ۔
اس ایڈیشن میں 9 قائم شدہ اہم شعبوں کو شامل کیا جائے گا، جن میں 5جی اور 6جی، اگلی نسل کے اے آئی نیٹ ورکس، سیمی کنڈکٹرز، نان ٹیریسٹریل نیٹ ورک، سائبر سکیورٹی، کوانٹم کمیونیکیشن، انٹرپرائز ٹرانسفارمیشن، سرکلر اکانومی اور ای ایس جی نیز الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔ یہ ایونٹ اپنے شعبہ وار فوکس کو 4 نئے شعبوں تک وسعت دے گا- اسمارٹ موبلٹی، اسٹیڈیم کا تجربہ، انڈسٹریل روبوٹکس اور ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی۔
آئی ایم سی 2026 میں 100 سے زائد ممالک کے 1.5 لاکھ سے زیادہ شرکا کی آمد کی توقع ہے ، جس میں 500 سے زائد پارٹنرز اور نمائش کنندگان، 600 سے زائد اسٹارٹ اپس اور 900 سے زائد مفکرین کی شرکت ہوگی۔ اس ایونٹ میں 2,000 سے زائد ٹیکنالوجی کے استعمال کی مثالیں اور 120 سے زائد سیشنز ہوں گے ۔