وزیراعظم تلنگانہ سے کچھ سیکھیں۔ فلم اسٹار پرکاش راج کا طنزیہ ٹیوٹ

   

چیف منسٹر کے سی آر کی تصویر کے ساتھ کالیشورم پراجکٹ، ٹی حب، سرکاری ہاسپٹل کے علاوہ دوسری تصاویر شیئر کیا

حیدرآباد ۔ 2 جولائی (سیاست نیوز) فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے پرکاش راج نے حیدرآباد کا دورہ کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی کو طنزیہ ٹیوٹ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے مختلف شعبوں میں جو ترقی ہوئی ہے اس سے کچھ سیکھیں۔ ملک اور بی جے پی کی زیرقیادت ریاستوں میں تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی تقلید کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ واضح رہیکہ بی جے پی کے قومی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے وزیراعظم کے علاوہ بی جے پی کے سرکردہ قائدین حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ پرکاش راج نے کہا کہ تلنگانہ میں بہترین حکمرانی چل رہی ہے۔ وہ حیدرآباد میںایک اعلیٰ عہدہ پر فائز قائد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ جب حیدرآباد میں قیام کررہے ہیں تو تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے کچھ سبق حاصل کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی زیرقیادت حکومتوں کا بھی حوالہ دیا ہے اور کہا کہ بی جے پی کے برسراقتدار میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کے دوران عوام کی جانب سے ادا کردہ ٹیکس سے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے سڑکیں تعمیر کی جاتی ہیں جبکہ تلنگانہ میں عوام کی جانب سے ادا کردہ ٹیکس کو عوام کی ترقی کیلئے خرچ کیا جاتا ہے۔ ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کس طرح کام کئے جاتے ہیں وہ تلنگانہ سے سیکھیں۔ پرکاش راج نے ٹیوٹر پر چیف منسٹر کے سی آر کی تصویر کے ساتھ کالیشورم پراجکٹ، یادادری مندر، ٹی حب، گورنمنٹ ہاسپٹل، ریسیڈنشیل اسکولس پر مشتمل تصاویر کو شیئر کیا۔ن