وزیراعظم نریندر مودی کا 10 مئی کو دورۂ حیدرآباد

   

چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں انتظامات کو قطعیت دی

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے 10 مئی کو دورۂ حیدرآباد کے انتظامات کے سلسلہ میں چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر انتظامات کے سلسلہ میں محکمہ جات کو ہدایات جاری کیں۔ رام کرشنا راؤ نے کہاکہ اہم محکمہ جات کو باہمی اشتراک اور تال میل کے ذریعہ مؤثر اور نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنانا چاہئے۔ وزیراعظم دورہ کے موقع پر مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ اِس کے علاوہ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف سکریٹری نے انتہائی اہم شخصیتوں کی سکیوریٹی کے متعلق بلو بُک گائیڈ لائنس کے تحت سکیوریٹی، ٹریفک اور لاء اینڈ آرڈر کے انتظامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ہیلی پیاڈ کے انتظامات کا چیف سکریٹری نے جائزہ لیا اور فائر سروسیس ڈپارٹمنٹ کو فائر انجن اور دیگر آلات نصب کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ بیگم پیٹ ایرپورٹ اور دیگر مقامات پر ڈاکٹرس کی ٹیم کے ساتھ طبی عملہ کو متعین کیا جائے۔ وزیراعظم کے گزرنے کے راستوں پر ٹریفک جام کو روکنے کے لئے ٹریفک کا رُخ دیگر علاقوں کی طرف موڑنے کی ہدایت دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹریفک میں متبادل علاقوں میں کوئی خلل نہ ہونے پائے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ آر اینڈ بی کو سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی ذمہ داری دی گئی۔ محکمہ برقی سے کہا گیا کہ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کریں۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، اسپیشل چیف سکریٹری نوین متل، دانا کشور، وانی پرساد، ہوم سکریٹری شیکھا گوئل، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس انیل کمار، حیدرآباد، سائبرآباد اور ملکاجگیری کے پولیس کمشنرس وی سی سجنار، رمیش، سومتی، ڈائرکٹر جنرل فائر سروسیس وکرم سنگھ مان، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کمشنر سائبرآباد میونسپل کارپوریشن سوجنا، کمشنر ملکاجگیری میونسپل کارپوریشن ونئے کرشنا ریڈی، اسپیشل کمشنر اطلاعات مکند ریڈی اور واٹر ورکس کے منیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔V/1/Y/I