بیگم پیٹ ایرپورٹ پر دلچسپ مناظر ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کی موجودگی
حیدرآباد۔26۔ مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر آج دلچسپ مناظر دیکھے گئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حیدرآباد آمد سے عین قبل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے بنگلور کے لئے روانہ ہوئے۔ بنگلور کے دورہ پر روانگی کا پروگرام وزیراعظم کی آمد سے عین قبل تھا۔ دونوں قائدین کے استقبال کے لئے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی اور ایک مرحلہ پر دونوں پارٹیوں کے کارکنوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ وزیراعظم کی آمد سے قبل چیف منسٹر خصوصی طیارہ سے روانگی کیلئے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچے۔ وہاں پہلے سے بی جے پی کارکنوں کی موجودگی کو محسوس کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے کارکن بھی بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر بی جے پی کی جانب سے کسی بھی احتجاج کو روکنے کیلئے ٹی آر ایس کارکن تیار تھے لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ چیف منسٹر کی بنگلور روانگی کے بعد ٹی آر ایس کارکن بھی ایرپورٹ سے واپس ہوگئے۔ اس کے بعد بی جے پی کارکنوں میں تعداد میں اضافہ ہوگیا جنہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کا استقبال کیا۔ مودی کا خصوصی طیارہ بیگم ایرپورٹ پر اترا اور بی جے پی کارکنوں سے خطاب کے بعد وزیراعظم انڈین اسکول آف بزنس روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم کے استقبال کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کے بجائے وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو کو مقرر کیا گیا تھا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب چیف منسٹر کے سی آر وزیراعظم کے استقبال کیلئے موجود نہیں تھے۔ 5 فروری کو وزیراعظم کی آمد کے موقع پر کے سی آر نے ان کا استقبال نہیں کیا تھا ۔ وزیراعظم نے شمس آباد میں سوامی رامانوجا چاریہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی تھی اور اکریساٹ کی 50 سالہ تقاریب میں حصہ لیا تھا ۔ مرکز اور ریاست کے درمیان کشیدہ صورتحال کا اثر وزیراعظم کے دورہ پر صاف دکھائی دے رہا تھا۔ر